ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے آج کل ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے مواد کو ’’ رجعت پسند ‘‘ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق براڈکاسٹنگ کنٹینٹ کمپلینٹس کونسل ( بی سی سی سی ) کی رکن شرمیلا ٹیگور نے اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران آج کل ٹی وی پر دکھائے جانے والے مواد کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل جو مواد ٹی وی پر پیش کیا جا رہا ہے وہ کافی رجعت پسند ہے، زیادہ تر ٹی وی سیریلز خواتین کو دوسری خواتین کی بدترین دشمن کے طور پر پیش کرتے ہیں اور یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ہم شو بنانے والوں کو فون کرتے ہیں اور ان سے بعض قابل اعتراض حصوں کو تبدیل کرنے یا ہٹانے کے لیے کہتے ہیں لیکن پروڈیوسر زیادہ تر ہماری بات ماننے سے انکار کر دیتے ہیں کیونکہ پیسہ اکثر منطق کو زیر کر لیتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ اگر وہ فلموں میں کام نہیں کر رہی تھیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ریٹائر ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں شاید اداکاری نہیں کر رہی تھی لیکن میں مختلف فورمز پر سنیما کے بارے میں بات کرتی تھی، ضروری نہیں کہ آپکا کیریئر ہمیشہ عروج پر رہے لیکن اگر آپ بات کر سکتے ہیں اور اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں تو یہی کافی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ شرمیلا ٹیگور ہندی سنیما کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، وہ کافی دیر تک لائم لائٹ سے دور رہیں لیکن انہوں نے حال ہی میں معروف اداکار منوج باجپائی کے ساتھ بنائی گئی او ٹی ٹی فلم کے ساتھ واپسی کی ہے۔