لیجنڈ اداکار شکیل احمد کراچی میں انتقال کرگئے

Published On 29 June,2023 07:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سینئر لیجنڈ اداکار شکیل احمد طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔

اداکار شکیل احمد کی عمر 85 برس تھی جوکہ طویل عرصے سے بیمار تھے، شکیل احمد جوڑوں کے درد کے عارضے میں مبتلا تھے اور کراچی کے ملیر کینٹ سی ایم ایچ میں زیر علاج تھے۔

اداکار شکیل احمد کا اصل نام یوسف کمال تھا، انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے بے شمار یاد گار ڈراموں میں لازوال کردار ادا کیے۔

ذرائع کے مطابق مرحوم اداکار کا بیٹا کراچی میں موجود ہے جبکہ ان کی بیٹی سعودی عرب سے کراچی پہنچیں گی، مرحوم کی نمازجنازہ کل بعد از نماز عصر ادا کی جائے گی۔

لیجنڈ اداکار یوسف کمال عرف شکیل احمد کی زندگی پر ایک نظر

لیجنڈری اداکار یوسف کمال عرف شکیل احمد 29 مئی 1938ء کو بھوپال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا تو انکل عرفی، شہزوری، زیر زبر پیش،آنگن ٹیڑھا، اور ان کہی جیسے متعدد مشہور ڈراموں میں کام کیا۔

اس کے علاوہ وہ کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، اداکار شکیل نے انگریزی فلم جناح میں لیاقت علی خان کا کردار نبھایا تھا۔

شکیل اداکارانہ صلاحیتوں سے کئی عشروں تک پاکستان اور دنیا بھر میں اردو ڈراموں کی پہچان بنے رہے اور آنے والے اداکاروں پر اپنے فن کا گہرا نقش چھوڑ گئے۔ 

سیاست اور شوبز سے وابستہ شخصیات کا اظہار تعزیت

شکیل احمد کے انتقال کی خبر پر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شکیل ہم سب کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں، مجھ سمیت ان کے تمام ساتھی اداکار غم سے نڈھال ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اداکار شکیل احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم فن اداکاری کی اکیڈمی تھے، ان کے یادگار ڈرامے پرستاروں کے دلوں پر آج بھی نقش ہیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بھی اداکار شکیل احمد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ مرحوم نے اداکاری کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔