لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ثروت گیلانی نے مستقبل میں اپنی سیاسی جماعت بنانے کا عندیہ دے دیا۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میزبان نے سیاست میں قدم رکھنے کے حوالے سے سوال کیا جس پر ثروت کا کہنا تھا کہ مجھے بہت سی جماعتوں نے آنے کا کہا ہے کیونکہ میں ہمیشہ آواز اٹھاتی ہوں مگر مستقبل میں ہوسکتا ہے کہ میں اپنی سیاسی جماعت بناؤں، تاہم اداکارہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں لیکن انہوں نے بتایا کہ وہ ملک میں تعلیم مفت کریں گی۔
ثروت گیلانی نے ڈراموں کے سکرپٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی 26 اقساط میں کیا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ لڑکی سے شادی کون کرے گا، لڑکی پر تشدد ہونا، دیور کے ساتھ افیئر کرنا، لڑکے کے ساتھ بھاگ جانا، یہ کہانیاں نئی نوجوان نسل نہیں دیکھنا چاہتی، آج کل کے نوجوان کامیاب لوگوں کی کہانیاں دیکھنا چاہتے ہیں۔
ٹی وی ڈراموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں نے گزشتہ 20 سالوں سے پاکستانی انڈسٹری میں کام کیا ہے لیکن جب سے میں نے عورتوں اور بچوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق پر بات کرنا شروع کی ہے تو اب میں ڈراموں میں پٹنے والی لڑکی کا کردار ادا نہیں کرسکتی۔