لاہور: (ویب ڈیسک) پریانکا چوپڑا اورامیشا پٹیل کا مذاق اڑانے اور خواتین اداکاراؤں کی تضحیک کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے مشہور میزبان نادر علی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پوڈ کاسٹ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
کچھ دن قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں نادر نے اداکار سے پاکستانی اوربھارتی اداکاراؤں کی خوبصورتی سے متعلق کچھ غیراخلاقی سوالات کیے۔
اس دوران ان کی جانب سے نامناسب تبصرے بھی کیے گئے۔
نادر نے سوال کیا کہ پاکستان کی وہ کون سی اداکارہ ہے جو بغیر میک اپ کے ’بھیانک‘ نظر آتی ہے؟ جواب میں معمررانا کا کہنا تھا کہ نہیں پاکستان میں ایسی کوئی اداکارہ نہیں ہے۔
اگلا سوال تھا، اچھا بھارت میں ہے؟ جسے دیکھ کر آپ ڈرگئے ہوں؟، اس پر معمر رانا بولے ہاں بھارت میں ہے اور میرے ساتھ ایسا پریانکا چوپڑا کو دیکھ کر ہوا تھا۔
اداکار نے قصہ سناتے ہوئے کہا ’پریانکا چوپڑا کو جب میں نے بغیر میک اپ دیکھا تو میں ڈر گیا تھا۔
جواب میں نادر علی نے ذومعنی باتیں کیں، پھربالی ووڈ کی ایک اور اداکارہ امیشا پٹیل کا ذکر نکلا تو نادرنے ان کیلئے بھی تضحیک آمیز الفاظ استعمال کیے۔
دونوں کی یہ گفتگو سوشل میڈیا صارفین کو انتہائی نامناسب لگی اور لوگوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے کیے جانے والے تبصروں میں نادرعلی کے شو کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، صارفین نے نادرپر پابندی عائد کیے جانے کے علاوہ ذومعنی گفتگو پر معمر رانا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔