لاہور: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ نصرت بھروچا آپریشن طوفان الاقصیٰ کے دوران اسرائیل میں پھنس گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نصرت بھروچا 39 ویں ’حائفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘کیلئے اسرائیل گئی تھیں، اس فلم فیسٹیول میں اُن کی فلم ’اکیلی‘کو منتخب کیا گیا تھا۔
نصرت بھروچا کی ٹیم نے کہا ہے کہ آخری بار اداکارہ سے گزشتہ روز دوپہر 12 بجکر 30 منٹ پر رابطہ ہوا تھا، اُس وقت وہ تہہ خانے میں محفوظ تھیں، اُس کے بعد اُن سے رابطہ نہیں ہوسکا تھا لیکن آج اُن سے رابطہ ہوگیا ہے اور نصرت بھروچا کو بحفاظت اسرائیل کے ایئرپورٹ پر پہنچا دیا گیا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ کی ٹیم نے مزید بتایا کہ ہم نصرت کو بحفاظت بھارت واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد ہی بھارت پہنچنے کیلئے اڑان بھریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل پر بڑا حملہ کیا ہے جو کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں مسلسل اشتعال انگیزی اور فلسطینیوں پر مظالم کا جواب ہے۔