لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے اداکار کے غیر ذمہ دار باپ ہونے کے حوالے سے تمام دعوؤں کی تردید کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر حال ہی میں علیزے سلطان نے سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں انہوں نے صارفین کے سوالوں کے جواب دیے۔
اسی سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک صارف نے اداکار فیروز خان سے متعلق سوال کیا کہ کیا واقعی فیروز خان اپنے بچوں کے اخراجات برداشت نہیں کرتے؟ کیا واقعی وہ ایک غیر ذمے دار باپ ہیں؟
صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے علیزے سلطان نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ فیروز خان بچوں کے آدھے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی کی فیملی کورٹ نے اداکار فیروز خان کو بیٹے سلطان کے لیے 50 اور بیٹی فاطمہ کے لیے 30 ہزار روپے ماہانہ اخراجات کی مد میں دینے کا حکم دیا تھا۔