لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی سپر سٹار ماہرہ خان نے اپنی شادی کے موقع پر "مہندی لگائی" کی رسم کی تصاویر مداحوں کیساتھ شیئر کردیں۔
ماہرہ کی شادی کی تصاویر جاری ہونے کا سلسلہ یکم اکتوبر کی رات سے شروع ہوا جو تاحال جاری ہے، اب اس میں ایک اور دلکش اضافہ کرتے ہوئے ماہرہ خان نے شادی سے قبل 30 ستمبر کو ہونے والی "مہندی لگائی" کی جھلکیاں بھی جاری کردی ہیں۔
اداکارہ نے فوٹواینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر شیئر کیں جن میں انہیں مہندی کی رسم کے لیے مخصوص زرد ساڑھی پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ انتہائی جاذب نظر دکھائی دے رہی ہیں۔
انہوں نے ساڑھی کی مناسبت سے میچنگ کانچ کی زرد چوڑیاں بھی پہن رکھی ہیں جبکہ اس تقریب میں ان کے ہاتھوں میں سادہ لیکن حسین مہندی لگائی گئی ہے۔
ماہرہ خان کی یہ نئی تصاویر سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔