لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کے باکمال ہدایت کار انور کمال پاشا کو دنیا سے رخصت ہوئے 36 برس بیت گئے۔
پاکستانی فلمی صنعت کے باکمال ہدایت کار انور کمال پاشا کا تعلق لاہور کے ایک علمی اور ادبی گھرانے سے تھا، وہ 23 فروری 1925 کو لاہور میں پیدا ہوئے، ان کے والد حکیم محمد شجاع اردو کے مشہور ادیب تھے جن کی کہانیوں کو سینما پر پیش کیا گیا۔
انور کمال پاشا نے ہدایت کار لقمان کی فلم ’’شاہدہ‘‘ کے مکالمے لکھ کر فلمی صنعت میں اپنا سفر شروع کیا، بعد میں بطور ہدایت کار اپنے والد کے ناول ’’باپ کا گناہ‘‘ پر فلم ’’دو آنسو‘‘ بنائی، فلمی دنیا کو متعدد کامیاب فلمیں دیں جن میں غلام، قاتل، سرفروش، چن ماہی اور انار کلی کے نام سرِفہرست ہیں۔
ہدایتکار کو فلم ’’وطن‘‘ کی کہانی پر نگار ایوارڈ دیا گیا جب کہ 1981ء میں فلم نگری کیلئے ان کی 30 سالہ خدمات پر انہیں خصوصی نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، ان کا شمار آج بھی لالی وڈ کے بانی اور معماروں میں ہوتا ہے۔
کہنہ مشق فلمساز اور ہدایتکار انور کمال پاشا کا 13 اکتوبر 1987 کو 62 سال کی عمر میں انتقال ہوا اور لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔