لاہور: (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ زارا نور عباس نے کہا ہے کہ جو ظلم معصوم فلسطینیوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کل ہمارے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، آج ہم خاموش رہے تو ہمارے لیے بھی کوئی نہیں بولے گا۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے اس لیے قربانیاں دی تھیں تاکہ مستقبل میں جب بھی کسی مسلمان پر ظلم ہو تو ہم اس کے حق میں بول سکیں۔
انہوں نے ساتھی اداکاروں اور اداکاراؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی اس وقت یہ بھول جائیں گے کہ بین الاقوامی سطح پر آپ کا کوئی آڈیشن ہونے والا ہے یا آپ ٹام کروز کے ساتھ کوئی بڑی فلم کرنے والے ہیں، یہ چپ رہنے کا نہیں بلکہ حق کیلئے آواز اٹھانے کا وقت ہے۔
زارا نور عباس کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح دنیا کو فلسطین کی پرواہ نہیں، بالکل اسی طرح کسی کو پاکستان کی پرواہ بھی نہیں لہٰذا آج ہی ظلم کے خلاف بولیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم حق پر کھڑے ہیں۔