لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار یاسر حسین نے فلموں میں آئٹم نمبرز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے کلچر کا حصہ ہیں۔
یاسر حسین نے حال ہی میں ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، اقرا عزیز کے ساتھ تعلق اور فلموں میں آئٹم سانگ کے حوالے سے گفتگو کی۔
یاسر حسین نے اپنے اور اداکارہ اقرا عزیز کے عمر میں فرق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’لڑکا اور لڑکی کے درمیان کچھ سالوں کے عمر کا فرق ہونا چاہیے، ویسے تو اقرا اپنی عمر سے زیادہ میچور ہے لیکن اگر نہ ہو تو شریک حیات میں کسی ایک کو لازمی میچور ہونا چاہیے۔‘
میزبان نے سوال کیا کہ اداکاری میں آپ کا رول ماڈل کون تھا؟ جس پر اداکار کا کہنا تھا کہ رول ماڈل تو کوئی نہیں ہے، اب وہ وقت نہیں رہا۔
انہوں نے آئٹم سانگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت اب بھی مجھے لگتا ہے کہ پاکستانی فلموں میں گانے یا آئٹم نمبرز آتے ہیں، ہم کہتے کہ یہ ہمارا کلچر نہیں ہے لیکن آئٹم نمبرز ہمارا کلچر ہے، مثال کے طور پر ماضی میں میڈیم نور جہاں کے گانوں میں بہت اچھی ڈانس پرفارمنس ہم نے دیکھی۔
یاسر حسین کا کہنا تھا کہ کلچر یہی ہوتا ہے کہ جب سے ملک بنا ہے تب سے فلموں میں یہ گانے ہیں، بلکہ اس سے بھی پہلے سے یہ گانے ہیں، میرے خیال میں فلموں یا ایوارڈ شوز میں ریما یا ریشم سے گانوں پر پرفارمنس کروانی چاہیے۔
اداکار نے اپنے متعلق تنازعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ فالوورز بڑھانے یا خبروں میں رہنے کیلئے متنازع بات نہیں کرتے، میڈیا کو چلانے کیلئے کچھ نہ کچھ چاہیے ہوتا ہے۔