لاہور: (دنیا نیوز) آواز جاندار، گیت شاندار، بلبل صحرا معروف لوک گلوکارہ ریشماں کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے۔
گلِ صحرائی اور لمبی جدائی، معروف لوک گلوکارہ ریشماں 1947ء میں راجستھان میں پیدا ہوئیں، برصغیر کی تقسیم کے بعد ان کا خاندان ہجرت کر کے کراچی منتقل ہوگیا۔
خانہ بدوش خاندان سے تعلق رکھنے والی ریشماں نے کم عمری میں ہی صوفیانہ کلام گانا شروع کر دیا، 12 سال کی عمر میں ریشماں کو ریڈیو پاکستان پر گانے کا موقع ملا، یوں ریشماں پاکستان بھر میں لوک گلوکارہ کے طور پر متعارف ہوئیں۔
1960ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کی بنیاد رکھی گئی تو ریشماں نے ٹی وی کیلئے گانا شروع کر دیا انہوں نے پاکستانی فلموں کیلئے متعدد گیت گائے، ان کی مقبولیت سرحد پار بھی پہنچی اور بالی وڈ میں یہ سحر انگیز آواز گونجی۔
لوک گلوکارہ ریشماں نے اپنے منفرد انداز سے دنیا بھر میں نام پیدا کیا، ان کے گائے گیتوں کی چاشنی آج بھی برقرار ہے۔
ریشماں کو ستارہ امتیاز اور لیجنڈز آف پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا، لوک گلوکارہ 3 نومبر 2013ء میں گلے کے سرطان کے باعث لاہور میں انتقال کر گئیں۔