نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سینئر فلم ساز اور ہدایت کار راجکمار کوہلی چل بسے، انہوں نے کئی مشہور فلمیں تخلیق کیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راجکمار کوہلی جمعہ کی صبح شاور لینے باتھ روم گئے تھے، وہ کافی دیر تک باہر نہیں آئے تو ان کے بیٹے ارمان کوہلی نے دروازہ توڑا تو وہ فرش پر پڑے تھے۔
انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا، راجکمار کوہلی نے کئی مشہور فلمیں ڈائریکٹ کیں، جن میں 1966 کی فلم دُلا بھٹی اور 1970 کی لٹیرا شامل ہیں جس میں دارا سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیا۔
ان کی دیگر قابل ذکر فلموں میں ناگن، جانی دشمنی، بدلے کی آگ، نوکر بیوی کا اور راج تلک شامل ہیں، ان کی فلموں میں اکثر سنیل دت، دھرمیندر، جیتندر، شتروگھن سنہا، رینا رائے اور انیتا راج نے کردار ادا کیے۔