’مذاق رات‘ میں پرفارم کرنیوالی ’عائشہ طارق‘ کو نمک حرام کا او ایس ٹی مل گیا

Published On 24 December,2023 08:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ کی جانب سے نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کا سلسلہ جاری ہے، شو میں آواز کا جادو جگانے والی عائشہ طارق کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کردیا۔

حال ہی میں دنیا نیوز کے پروگرام ’مذاق رات‘ میں عائشہ طارق نامی خوبرو لڑکی نے شرکت کی، میزبان عمران اشرف کی جانب سے سوال وجواب کے سیشن کے دوران عائشہ طارق نے گانا سنانے کی فرمائش کی تھی ۔

عائشہ طارق نے اپنی خوبصورت آواز میں ڈرامہ سیریل رقص بسمل کا او ایس ٹی ’ کدی آ مل سانول یار وے‘ گایا، جسے میزبان اور حاضرین سمیت پروگرام دیکھنے والے ناظرین نے خوب سراہا۔

دنیا نیوز کی کاوشوں کی بدولت عائشہ طارق کو ’مذاق رات‘ کے میزبان عمران اشرف کے نئے ڈرامہ سیریل ’نمک حرام‘ کا او ایس ٹی گانے کا موقع مل گیا جسے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

’مذاق رات‘ کے میزبان عمران اشرف نے عائشہ طارق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نیوز نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور انکے فن کو بڑے پلیٹ فارم تک پہنچنے کی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔