لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر پاکستانی اداکار نیئر اعجاز نے کہا ہے کہ صرف ہیروز پر توجہ دینے سے اکثر فلمیں ناکام ہو جاتی ہیں۔
حال ہی میں اداکار نیئر اعجاز نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاق رات " میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران انہوں نے انڈسٹری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلموں میں صرف اور صرف ہیرو کی اداکاری پر توجہ دی جاتی ہے، اسے بچانے اور کامیاب بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، اس کے علاوہ دیگر کرداروں پر کوئی توجہ نہیں ہوتی، جس وجہ سے فلمیں بھی اکثر ناکام ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ اکثر فلموں کی شوٹنگ کے دوران یہی ہوا کہ انہیں نظر انداز کیا گیا، ان کی اداکاری کے بجائے ہیرو پر توجہ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے زیادہ تر اداکار خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، ان میں اعتماد کی کمی نظر آتی ہے، اگر کسی فلم کے اداکار میں اعتماد کی کمی ہوتی ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ تصور کرتا ہے تو اس کی وجہ سے پوری فلم کا سیٹ بھی خراب ہوجاتا ہے۔
سینئر اداکار نے مشورہ دیا کہ ایسے اداکار کو کسی بھی خوف کے بغیر کام کرنا چاہئے اور ہدایت کاروں کو بھی چاہئے کہ وہ غیر محفوظ اداکاروں کو اعتماد دے کر انہیں کھل کر کام کرنے کی چھوٹ دیں۔