لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کو انٹرنیشنل فیشن برانڈ ’زارا‘ کا لباس پہننے پر سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔
کرسمس کے موقع پر ہانیہ عامر نے معروف انٹرنیشنل فیشن برانڈ ’زارا‘ کا لباس زیب تن کیا جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی، ویڈیو میں ہانیہ عامر فیشن برانڈ ’زارا‘ کے سرخ رنگ کے بولڈ لباس میں ملبوس کیمرے کے سامنے پوز دیتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
ہانیہ عامر نے جیسے ہی ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کی تو صارفین نے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسرائیل کا حامی قرار دیا، مومنہ ادریس نامی صارف نے کہا کہ ’’ہانیہ نے زارا کا لباس پہن کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہیں‘‘۔
خیال رہے کہ معروف انٹرنیشنل فیشن برانڈ ’زارا‘ کی نئی تشہیری مہم میں حساس نوعیت کا فوٹو شوٹ کیا گیا تھا، اس شوٹ میں معصوم فلسطینیوں کا مذاق اڑایا گیا تھا، فوٹو شوٹ میں ماڈل نے سفید کپڑے میں لپٹی ہوئی لاش کا مجسمہ اپنے کندھے پر اٹھایا ہوا تھا۔