عائزہ خان شوٹنگ کے دوران حادثے سے بال بال بچ گئیں

Published On 26 December,2023 10:23 am

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ عائزہ خان ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران آگ لگنے کے واقعے میں بال بال بچ گئیں۔

عائزہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے ڈرامے کے سیٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شوٹنگ کے دوران اداکارہ سین ریکارڈ کروانے کے لیے پہلے سے آگ لگی ہوئی شال اٹھا کر دوسری جانب پھینکتی ہیں تاہم اسی اثناء میں آگ کے کچھ شعلے زمین پر پھیل جاتے ہیں۔

عائزہ خان زمین پر پھیلے ہوئے شعلوں سے لاعلم پیچھے کی جانب ہٹتی ہیں تو ان کا پاؤں شعلوں پر پڑتا ہے۔

تاہم ویڈیو میں عقب سے ایک آواز سنائی دیتی ہے جس میں ایک خاتون اداکارہ کا نام پکار کر انہیں انتباہ دیتی ہیں جس پر عائزہ محتاط ہوجاتی ہیں اور کسی بڑے حادثے سے بال بال بچ جاتی ہیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں عائزہ نے حادثے میں محفوظ رہنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور لکھا کہ اداکار بننا آسان نہیں ہوتا، کبھی کبھی سیٹ پر غیر متوقع چیزیں ہوتی ہیں جو آن سکرین ناظرین نہیں دیکھتے لیکن اللہ ہماری حفاظت کرتا ہے اور ہم اس کا شکر ادا بھی نہیں کر پاتے۔