لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و ماڈل نوین وقار نے کہا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کر کے سپاٹ لائٹ میں نہیں آنا چاہتیں۔
اداکارہ نوین وقار نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں اپنے والدین سے یہ ہی سیکھا ہے کہ اپنے گھر کی بات گھر تک رکھو کیونکہ جب بات گھر سے باہر جائے گی تو وہ تبدیل ہو جائے گی، جتنے لوگ بات کریں گے اتنی بات بڑھتی جائے گی، ہم لوگوں کا منہ بند نہیں کرسکتے اس لیے اپنا منہ بند رکھنا چاہیے۔
نوین وقارکا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ اپنی ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے سپاٹ لائٹ میں آتے ہیں لیکن میں اس قسم کی سپاٹ لائٹ نہیں چاہتی، میں چاہتی ہوں اگر سپاٹ لائٹ میرے اوپر آئے تو میرے کام کی وجہ سے آئے۔