لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر پاکستانی اداکارہ حنا خواجہ بیات نے شوہر کی پہلی برسی کے موقع پر جذباتی پیغام شیئر کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حنا خواجہ بیات نے ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ آج ان کے شوہر کو بچھڑے ہوئے ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے پوسٹ کے کیپشن میں شوہر کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے بغیر جینا نہیں جانتی تھی، آج ایک سال بعد میرے لیے زندگی کے معنی بدل گئے ہیں، میں زندہ ہوں، سانس لے رہی ہوں، آگے بڑھ رہی ہوں، آخر کار میں سمجھ گئی، میرے لیے آپ کے آخری الفاظ کا کیا مطلب تھا، اللہ ہے نا۔
حنا نے لکھا کہ آپ کا ایمان اب میری طاقت ہے، میں ہر دن شکر گزاری کے ساتھ جیتی ہوں، اس دن کی امید میں کہ ہم دوبارہ ملیں گے ان شاء اللہ! اس وقت تک میں آپ کو یاد کرتی رہوں گی، میرا سب سے بڑا نقصان، میری سب سے بڑی نعمت۔
واضح رہے کہ حنا خواجہ بیات کے شوہر روجر بیات داؤد طویل عرصے تک کینسر سے جنگ لڑنے کے بعد گزشتہ سال کے آغاز میں زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔