لاس اینجلس:(ویب ڈیسک ) امریکی ریپر اور پروڈیوسر لِل جون نے رمضان کے مبارک مہینے میں اسلام قبول کر لیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریپر اور پروڈیوسر لِل جون نے 15 مارچ جمعے کے روز لاس اینجلس کی کِنگ فہد مسجد میں نمازِ جمعہ سے قبل اسلام قبول کیا۔
لِل جون کی کلمہ شہادت پڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مسجد کے امام کی رہنمائی میں عربی اور پھر انگریزی زبان میں کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔
اسلام قبول کرنے پر امریکی ریپر کو سوشل میڈیا پر اُمتِ مسلمہ کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے لِل جون نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
لِل جون نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ الحمدللہ! میں تمام بہن بھائیوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے لیے مثبت پیغامات اور اپنی بےلوث محبت کا اظہار کیا۔