لاہور: (ویب ڈیسک) خود کو مزاحیہ گلوکار و انٹرٹینر کہنے والے وائرل سینسیشن چاہت فتح علی خان کی جانب سے ری مکس کیا گیا گانا ’بدو بدی‘ کا بخار اب کے پاپ گلوکاروں پر بھی چڑھ گیا۔
سوشل میڈیا پر جہاں گزشتہ دنوں پاکستانیوں سمیت بھارتی معروف شخصیات بھی بھونڈے گانے ’بدو بدی‘ پر ریلز بناتی نظر آئیں وہیں اب اس گانے کی شہرت کورین میوزک انڈسٹری میں بھی پہنچ گئی ہے۔
دنیا بھر میں مشہور کورین کے پاپ سنگرز نے بھی وائرل گانے ’بدو بدی‘ پر ریل بنا کر اس ٹرینڈ میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاپ سنگرز گانے ’بدو بدی‘ پر لپسنگ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ خود ساختہ مزاحیہ گلوکار چاہت فتح علی خان کا ماضی کے مشہور گانے ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کا ری میک ’بدو بدی‘ اب یوٹیوب سے حذف کر دیا گیا ہے، اس گانے نے 2 ماہ کے دوران 28 ملین ویوز حاصل کر لیے تھے۔
گانے کی کمائی سے متعلق اس میں بطور ماڈل کام کرنے والی ماڈل وجدان راؤ کا دعویٰ ہے کہ ’بدو بدی‘ نے 70 ملین ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔