تریپتی دیمری پروین بابی بننے کیلئے تیار

Published On 08 August,2024 10:11 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) فلم اینیمل سے شہرت پانے والی بھارتی اداکارہ تریپتی دیمری اب پروین بابی بنیں گی۔

بالی ووڈ شائقین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے کہ ماضی کی نامور اداکارہ پروین بابی کی زندگی پر ایک فلم بننے جارہی ہے۔

پروین بابی کی بائیوپک سے متعلق یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ فلم میں پروین بابی کا مرکزی کردار اینیمل سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی تریپتی دیمری نبھائیں گی۔

پروین بابی اپنی خوبصورت اداکاری اور دلکش شخصیت کے لیے جانی جاتی تھیں اور بھارتی سنیما کی ایک لیجنڈری شخصیت تھیں، یہ فلم ان کی زندگی اور کیریئر سے متعلق ان دیکھی معلومات کو دنیا کے سامنے پیش کرے گی۔

پروین بابی نے 1970 اور 80 کی دہائی میں کئی نامور فلمیں کیں جن میں "دیوار"، "شان"، "امر اکبر انتھونی" اور "کھٹا میٹھا" جیسی مشہور فلمیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بھارتی سنیما میں خواتین کے کرداروں کو نئی تعریف دی جو طاقت اور نرمی کے امتزاج کے ساتھ تھے۔

تاہم پروین بابی کی زندگی میں ذاتی اور پیشہ ورانہ چیلنجز بھی شامل تھے جن میں ذہنی صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ شوبز سے کنارہ کشی بھی شامل تھی۔