معروف اداکار بدر منیر کو دنیا سے رخصت ہوئے 16 برس بیت گئے

Published On 11 October,2024 08:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) چار دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے سپر سٹار بدر منیر کو دنیا سے رخصت ہوئے 16 برس بیت گئے۔

کس نے سوچا تھا کہ 70 کی دہائی میں کراچی کی سڑکوں پر رکشہ چلانے والا اور چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے آفس میں چائے والا ایک دن پشتو فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ بنے گا۔

خوبصورت چہرے اور گرجدار آواز کے مالک بدر منیر کی قسمت اس وقت کھلی جب وحید مراد نے پشتو رومانوی داستان ’’یوسف خان، شیر بانو‘‘ پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا اور اس میں بدر منیر کو موقع دیا، وحید مراد جیسے مردم شناس کا اندازہ غلط ثابت نہ ہوا اور بدر منیر ایک ہی فلم کے بعد سٹار بن گئے۔

یوسف خان، شیر بانو سے شروع ہونے والا سفر پھر نہیں رکا، بدر منیر نے 4 دہائیوں تک اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کیا، اپنے 42 سالہ فلمی کیریئر میں انہوں نے 700 سے زائد پشتو، ارد، پنجاب اور سندھی فلموں میں کام کیا۔

بدر منیر 11 اکتوبر 2008 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔