لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے فراڈ اور دھمکیاں دینے کے کیس میں اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے استغاثہ کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر نازش جہانگیر اپنے وکیل بیرسٹر حارث سوہل کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔
عدالت نے پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔
خیال رہے کہ اداکارہ نازش جہانگیر اور ان کے ساتھی سکندر خان کے خلاف اسود ہارون نامی شخص نے تھانہ ڈیفنس سی میں 25 لاکھ روپے اور گاڑی واپس نہ کرنے کا استغاثہ دائر کررکھا ہے۔