لاہور: (ویب ڈیسک) ماڈل و اداکارہ کومل میر کی جانب سے لندن کے کالج سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر لندن کے کالج میں ہونے والی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے گریجویشن مکمل کرلی ہے، اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیوز اور تصاویر میں انہیں یونیورسٹی کے ہونے والے کانووکیشن میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ متعدد مختصر ویڈیوز اور تصاویر میں انہیں کانووکیشن میں ڈگری کی وصولی کے لیے سٹیج پر بھی دیکھا جا سکتا ہے، کانووکیشن میں شرکت کرنے پر اداکارہ کے ہمراہ ان کی والدہ اور بھائی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، کومل میر نے ان کے ساتھ لی گئی تصاویر بھی شیئر کیں۔
اگرچہ اداکارہ نے گریجویشن سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے قانون میں گریجویشن کی ہے، اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ مختصر ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو میں انہیں قانون کا احترام کرنے کی بات کرتے سنا جا سکتا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ انہوں نے ایل ایل بی کیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
کومل میر کی جانب سے گریجویشن کرنے اور کانووکیشن میں شرکت کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرانی کا اظہار بھی کیا اور ان کی تعلیم پر سوال بھی اٹھایا کہ اداکارہ پورا سال شوبز میں کام کرتی رہی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہی ہیں، انہوں نے کیسے گریجویشن کیا؟
تاہم بعض صارفین نے نشاندہی کی کہ ممکن ہے کہ کومل میر نے آن لائن تعلیم لی ہے اور پھر اسائنٹمنٹ جمع کرائے ہوں، امتحانات دیے ہوں، کومل میر کی جانب سے گریجویشن کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد ان کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں اور زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔