لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ماضی میں ایک کردار کو ’ناں‘ کہنے سے متعلق اپنے پچھتاوے کا اظہار کر دیا۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، اس دوران انہوں نے اداکار ہمایوں سعید، شہریار منور، فواد خان، بلال اشرف اور فہد مصطفیٰ سے اپنی گہری دوستی اور کام کرنے کے تجربے سے متعلق بات کی۔
اداکارہ نے پوڈکاسٹ کے دوران اپنی نجی زندگی، والد، والدہ اور دوسری شادی سے متعلق بھی تفصیل سے بات کی، ماہرہ خان نے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالات کے مختصر جوابات بھی دیئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اگر مجھے کبھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا تو میں بلال اشرف کو کال کروں گی، میں ماضی کے فیصلوں سے متعلق نہ زیادہ سوچتی ہوں اور نہ ہی مجھے کوئی پچھتاوا ہوتا ہے، میں آگے بڑھنے والوں میں سے ہوں۔
ماہرہ خان نے ایک کردار کرنے کی خواہش سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے فلم ’کملی‘ کو ناں بولنے کا پچھتاوا ہے، مجھے لگتا ہے مجھے فلم ’کملی‘ کو ناں نہیں کہنا چاہیے تھا مگر اس فلم میں صبا قمر نے بھی بہت اچھا کردار ادا کیا ہے۔