لاہور: (دنیا نیوز) لوک موسیقی کے شہنشاہ گلوکار عالم لوہار کو مداحوں سے بچھڑے 46 برس بیت گئے۔
چمٹے کی منفرد دھنیں اور سحر انگیز آواز، معروف لوک گلوکار عالم لوہار یکم مارچ 1928ء کو گجرات کے ایک نواحی گاؤں میں پیدا ہوئے، کم عمری سے گلوکاری کا آغاز کیا، ان کے گائے پنجابی گیتوں کی خوشبو آج بھی جابجا بکھری ہوئی ہے۔
عالم لوہار کی خاص پہچان ان کا چمٹا تھا، انہوں نے چمٹے کو بطور آلہ موسیقی استعمال کیا اور دنیا کو ایک نئے ساز سے متعارف کرایا، جگنی نے عالم لوہار کو عالم گیر شہرت بخشی، ان کی گائی جگنی آج بھی لوک موسیقی کا حصہ ہے، اس لوک گیت نے ایسی شہرت پائی کہ اس دور کی اردو اور پنجابی فلموں میں جگنی کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا۔
گلوکار عالم لوہار نے ہیر وارث شاہ کو موسیقی کی 30 سے زائد اصناف میں ایسا گایا کہ پنجاب کی مٹی میں خوشبو کی مانند رچ بس گیا۔
عظیم گلوکار عالم لوہار 3 جولائی 1979ء کو شامکے بھٹیاں کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں وفات پا گئے، انہیں بعد از وفات صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔