ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی شادی کے دن جاوید میانداد کے چھکے سے جڑی مایوسی کا انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی جوانی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے عامر خان نے انکشاف کیا کہ جاوید میانداد کے تاریخی چھکے نے ان کی شادی کے دن کی خوشی کو مایوسی میں بدل دیا تھا۔
— Taimoor Zaman (@taimoor_ze) July 1, 2025
عامر خان نے بتایا کہ انہوں نے اور رینا دتہ نے 21 سال کی عمر میں خاندان کی مخالفت کے باوجود خفیہ شادی کر لی تھی، جب وہ شادی کے بعد گھر واپس آئے تو دونوں کے خاندان پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کرکٹ میچ میں مصروف تھے، اس لیے کسی کو ان کی غیرموجودگی کا اندازہ نہ ہوا۔
یہ وہی مشہور میچ تھا جو 10 اپریل 1986 کو شارجہ میں کھیلا گیا تھا، جس میں جاوید میانداد نے آخری گیند پر چھکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی تھی، عامر خان نے کہا کہ بھارت کی جیت کے قریب ہونے پر وہ بہت خوش تھے، لیکن جاوید میانداد کے چھکے نے ان کی خوشی کو افسوس میں بدل دیا۔
انہوں نے بعد میں فلائٹ کے دوران ایک ملاقات میں میانداد سے مذاق میں کہا جاوید بھائی، آپ نے میری شادی کا دن خراب کر دیا تھا، اس دن میری شادی تھی اور آپ نے چھکا لگا کر بھارت کو ہرا دیا اور میری شادی کا دن مایوسی میں بدل دیا تھا۔