سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کے معروف کے پاپ گلوکار شم جے ہیون 23 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
شم جے ہیون 7 اپریل 2002 کو جنوبی کوریا میں پیدا ہوئے اور نوجوانی میں ہی موسیقی کے میدان میں قدم رکھا، شم جے ہیون کو شہرت 2020 میں ملی جب انہوں نے کے پاپ بوائے بینڈ F. ABLE کے رکن کے طور پر باضابطہ ڈیبیو کیا۔
شم جے ہیون گروپ کے سب سے کم عمر رکن اور مرکزی گلوکار کے طور پر جانے جاتے تھے، اپنی پرکشش آواز، چمکتی مسکراہٹ اور سادہ مزاجی کے باعث وہ جلد ہی مداحوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
گزشتہ برسوں میں F. ABLE کی سرگرمیاں ماند پڑ گئی تھیں اور گروپ کے کئی اراکین نے علیحدگی اختیار کر کے نیا گروپ تشکیل دے دیا تھا جس کے بعد شم جے ہیون نے شوبز سے وقتی کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔
مداحوں کو یہ علم نہیں تھا کہ وہ خاموشی سے ایک مہلک بیماری خون کے سرطان (لیوکیمیا) سے لڑ رہے ہیں، بیماری کا انکشاف ان کے انتقال کے بعد سامنے آیا جس نے ان کے چاہنے والوں کو صدمے میں مبتلا کردیا۔
ان کے قریبی ساتھی اور سابق گروپ ممبر لی ہو جون نے سوشل میڈیا پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جو وقت ساتھ گزارا وہ ہمیشہ میرے دل میں رہے گا، میں دعا گو ہوں کہ اب تم ہر دکھ، بیماری اور پریشانی سے آزاد ہو، ان کے انتقال پر جنوبی کوریا میں کے پاپ کمیونٹی اور مداحوں کی جانب سے بھی گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
شم جے ہیون کے اہلِخانہ کی جانب سے آخری رسومات یا یادگاری تقریب کے بارے میں تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا، ان کی مختصر لیکن روشن فنی زندگی اور نجی بیماری کے خلاف خاموش جدوجہد نے انہیں ایک یادگار فنکار بنا دیا جنہیں ان کے مداح طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔