لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ کومل میر نے اپنی جسمانی تبدیلی سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
اداکارہ و ماڈل کومل میر ان دنوں اپنے بدلے ہوئے چہرے اور جسامت کے باعث سوشل میڈیا پر خبروں میں ہیں، ان کی تصاویر وائرل ہوئیں تو مداحوں نے سوالات اٹھائے کہ انہوں نے فلرز کروائے ہیں یا وزن بڑھانے کیلئے بھی کوئی پروسیجر کروایا ہے۔
تاہم اب اداکارہ کومل میر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ان تمام باتوں کا تفصیل سے جواب دے دیا ہے، انٹرویو میں کومل نے بتایا کہ وہ ہمیشہ کم وزن کا شکار رہیں اور کھانے پینے سے متعلق مسائل کا سامنا کرتی رہی ہیں۔ تاہم حال ہی میں انہوں نے خوارک میں اضافہ کر کے قدرتی طور پر 6 کلو وزن بڑھایا ہے، جو زیادہ تر ان کے چہرے پر ظاہر ہوا۔
کومل نے بتایا کہ انہیں ایک فلم آفر ہوئی تھی جس کیلئے انہیں بتایا گیا کہ بڑی سکرین پر بہتر دکھنے کے لیے صحت مند نظر آنا ضروری ہے ورنہ وہ سکرین پر چھوٹی نظر آئیں گی، اس لیے انہوں نے خوراک میں بہتری کی زیادہ کھانا شروع کیا اور فطری طور پر وزن بڑھایا۔
کومل نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی کہ انہوں نے چہرے پر فلرز کروائے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اب خود کو زیادہ خوبصورت اور صحت مند محسوس کرتی ہیں اور دوسروں کی رائے کی پرواہ کیے بغیر اپنی زندگی اپنے طریقے سے گزار رہی ہیں۔