ممبئی:(دنیا نیوز) بالی ووڈ کے لیجنڈ فنکار گووندا کی اہلیہ نے شادی کے 38 سال بعد شوہر سے طلاق لینے کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹادیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا نے گووندا کے خلاف ہندو میرج ایکٹ 1955 کی مختلف دفعات کے تحت باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی۔
میڈیا رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ سنیتا آہوجا نے مبینہ طور پر سنگین الزامات بھی لگائے ہیں جن میں غیر ازدواجی تعلق، حق تلفی اور بے وفائی شامل ہیں، طلاق کا مقدمہ دسمبر 2024 میں دائر کیا گیا تھا جس پر عدالت نے گووندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا۔
دوسری جانب اداکار کی اہلیہ وقت کی پابندی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوتی رہیں لیکن گووندا مسلسل غیر حاضر رہے ہیں، عدالت کی جانب سے بار بار نوٹس کے باوجود گووندا نہ تو سماعتوں میں حاضر ہوئے اور نہ ہی کاؤنسلنگ سیشنز میں شریک ہوئے۔
خیال رہے عدالت رواں برس جون سے دونوں کے درمیان معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن گووندا کی عدم دلچسپی کے باعث ایسا نہ ہو پایا۔