روم: (ویب ڈیسک) عالمی فیشن انڈسٹری کے عظیم ڈیزائنر اور ہالی ووڈ سٹارز کے پسندیدہ تخلیق کار جارجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
جارجیو ارمانی کے انتقال کی تصدیق ان کی قائم کردہ کمپنی نے کی، وہ کئی ماہ سے بیمار تھے اور پہلی بار میلان فیشن ویک کے شو سے غیر حاضر ہوئے تھے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ارمانی کے ملازمین اور خاندان نے عزم کیا ہے کہ وہ ان کے خواب کو جاری رکھیں گے اور کمپنی کو ان کی یاد کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔
ارمانی نے اٹلی کو فیشن کی دنیا میں نئی پہچان دی اور ان کا بنایا ہوا برانڈ دنیا بھر میں مقبول ہوا، اپنی کمپنی کے واحد مالک رہے اور 50 برس تک اسے آزادی کے ساتھ چلایا اور اپنی کمپنی کو تقریباً 2.3 ارب یورو کی سالانہ آمدنی تک پہنچایا۔
ارمانی کو کنگ جارجیو بھی کہا جاتا تھا، وہ اپنے ڈیزائن، بزنس اور فیشن شو کے ہر پہلو پر ذاتی طور پر نظر رکھتے تھے، ان کے سادہ اور باوقار سٹائل نے خواتین کو بے حد متاثر کیا جس نے 1970 اور 1980 کی دہائی میں انہیں ایک فیشن آئیکون بنا دیا۔
کار جارجیو کے انتقال پر جولیا رابرٹس سمیت کئی ہالی ووڈ سٹارز نے افسوس کا اظہار کیا ہے، اداکارہ جولیا رابرٹس نے انسٹاگرام پر ارمانی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک سچا دوست، ایک لیجنڈ۔
میلان میں ہفتہ اور اتوار کو ان کے آخری دیدار کیلئے کے لیے ایک ہال کھولا جائے گا جہاں مداح انہیں خراج عقیدت پیش کر سکیں گے جبکہ پیر کو ان کی آخری رسومات نجی طور پر ادا کی جائیں گی۔