تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے مشہور گلوکار اور اداکار امید جہاں دل کا دورہ پڑنے کے باعث 43 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
امید جہاں جنوبی ایران کی لوک موسیقی کو پاپ رنگ دینے کے منفرد انداز کے باعث شہرت رکھتے تھے، وہ ایران کے شہر بم میں ایک فیسٹیول کے دوران سٹیج پر پرفارم کر رہے تھے کہ اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ گر گئے۔
ایمرجنسی ٹیم نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انکی جان بچانے کی کوشش کی اور آئی سی یو منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
1982 میں ایران کے شہر آبادان میں پیدا ہونے والے امید جہاں نامور موسیقار محمود جہاں کے بیٹے تھے اور انہوں نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے موسیقی کو اپنا پیشہ بنایا،34 برس کی عمر میں انہوں نے اپنا پہلا باضابطہ البم ریلیز کیا جس نے انہیں موسیقی کی دنیا میں الگ پہچان دلائی۔
ان کے مقبول گانے اور جداگانہ انداز نے انہیں نہ صرف ایرانی مداحوں بلکہ دنیا بھر کے موسیقی کے شائقین میں مقبول بنایا، ان کی اچانک موت پر مداحوں اور فنکار برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔