گووندا کو اپنی اہلیہ کے توہین آمیز بیان پر معافی مانگنی پڑ گئی

Published On 05 November,2025 07:32 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) سٹار بالی وڈ اداکار گووندا نے اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا کے بیان کو تضحیک آمیز قرار دیتے ہوئے معافی مانگ لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے ایک پوڈکاسٹ میں پنڈت مکیش شکلا کے بارے میں نازیبا کلمات کہے تھے، اداکارہ کی اہلیہ کے اس بیان پر انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، اور بعد میں گووندا نے اہلیہ کے اس بیان پر اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام سے باقاعدہ طور پر معافی مانگی۔

سنیتا آہوجا نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران کہا تھا کہ ہمارے گھر میں بھی ایک پنڈت ہیں گووندا کے پنڈت، وہ پوجا کرواتے ہیں اور 2 لاکھ روپے لیتے ہیں، میں گووندا سے کہتی ہوں کہ خود دعا کرو، ان کی کروائی گئی پوجا پاٹ کا کوئی فائدہ نہیں، وہی دعائیں قبول ہوں گی جو آپ خود کرتے ہیں۔

سنیتا کا کہنا تھا کہ میں ان سب چیزوں پر یقین نہیں رکھتی، اگر میں کوئی عطیہ کرتی ہوں یا کوئی اچھا کام کرتی ہوں، تو میں اسے اپنے ہاتھ سے اپنے لیے کرتی ہوں، تاہم اپنی اہلیہ کے اس بیان کے جواب میں جاری ایک ویڈیو پیغام میں گووندا نے کہا کہ میں برسوں سے پنڈت مکیش شکلا جی سے مشورہ کرتا آیا ہوں اور اُن کا بے حد احترام کرتا ہوں۔

بالی وڈ اداکار نے کہا کہ پنڈت مکیش شکلا کے والد بھی ہمارے خاندانی پنڈت تھے، میری اہلیہ نے پوڈکاسٹ میں پنڈت مکیش شکلا کے خلاف تضحیک آمیز ریمارکس دیے ہیں، جس کی میں مذمت کرتا ہوں، میری تہہ دل سے معافی قبول کریں۔