کیریئر کے عروج پر ذہنی صحت کے بحران سے بھی گزری ہوں: لیڈی گاگا

Published On 19 November,2025 03:27 pm

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکی گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا نے اعتراف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے عروج پر وہ ایک شدید ذہنی صحت کے بحران سے گزر رہیں تھیں۔

39 سالہ گلوکارہ نے ایک حالیہ گفتگو میں اپنے زندگی کے اس مشکل مرحلے کو یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کیریئر کی بلندیوں کے دوران میں ذہنی طور پر انتہائی غیر مستحکم تھی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اب میں کہیں زیادہ مستحکم اور بہتر حالت میں ہوں اور اس کا کریڈٹ میں تھیراپی اور اپنے منگیتر کی بھرپور سپورٹ کو دیتی ہوں۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیڈی گاگا کو اپنے حالیہ ٹور کے دوران شدید گھبراہٹ کے دورے پڑے جس کے باعث انہیں ورلڈ ٹور منسوخ کرنا پڑا اور فوری طور پر طبی مدد حاصل کرنی پڑی۔

لیڈی گاگا کا کہنا تھا کہ ایک موقع پر مجھے نفسیاتی علاج کے لیے ہسپتال بھی جانا پڑا، مجھے بریک کی ضرورت تھی، میں کچھ بھی نہیں کر پا رہی تھی، میں بالکل ٹوٹ گئی تھی، یہ بہت خوفناک تھا، ایک وقت ایسا بھی آیا جب مجھے نہیں لگتا تھا کہ میں کبھی بہتر ہو سکوں گی، میں خود کو زندہ ہونے پر بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ میری خراب ذہنی صحت نے میرے کیریئر کو بھی متاثر کیا، جب میں سٹیج پر میوزک کے ساتھ اپنے چاہنے والوں کے درمیان ہوتی تھی تو محض 90 سیکنڈز کے لیے مجھے خود کو گھبراہٹ کے دورے سے بچانے کے لیے مسلسل ذہنی طور پر سمجھانا پڑتا تھا، میں اب بہت بہتر ہوں اور ذہنی صحت سے متعلق مسلسل پیشہ ورانہ مدد لیتی رہتی ہوں۔