بھارتی موسیقار اور ویمن کرکٹر کی شادی منسوخ کے جواب پر قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں

Published On 07 December,2025 11:05 pm

ممبئی :(دنیا نیوز) بھارتی موسیقار پالاش مچل اورویمن کرکٹر سمریتی مندھانا کی منسوخ شدہ شادی کی وجوہات بیان کرنے پر قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔

سمریتی مندھانا نے انسٹاگرام سٹوری میں بیان دیتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی شادی منسوخ ہوچکی ہے، انہوں نے لکھا کہ وہ ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو حد سے زیادہ پرائیویٹ رکھتی ہیں اور اسی لیے وہ صرف اتنا بتانا چاہتی ہیں کہ شادی نہیں ہو رہی۔

سمریتی کے اعلان کے فوراً بعد پالاش مچل نے بھی انسٹاگرام پر ایک طویل نوٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے بےوفائی سے متعلق گردش کرتی افواہوں کی سختی سے تردید کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر بے بنیاد باتوں نے انہیں شدید تکلیف پہنچائی ہے۔

پالاش نے اِس دور کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے وقار کے ساتھ سنبھالیں گے، انہوں نے خبردار کیا کہ جھوٹے اور الزام تراش مواد پھیلانے والوں کے خلاف ان کی ٹیم سخت قانونی کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ دونوں کی شادی 23 نومبر 2025 کو سانگلی، مہاراشٹر میں طے تھی، تاہم سمرتی کے والد کی طبیعت خرابی اور بعد میں پالاش کی ہسپتال منتقلی کے بعد دونوں میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز سے دور ہوگئے تھے۔