ریڈ سی فلم فیسٹیول میں پہلی بار پاکستانی فنکاروں کے جلوے

Published On 05 December,2025 10:17 am

جدہ: (ویب ڈیسک) جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کا شاندار آغاز ہوا جس میں پاکستان کے نامور اداکاروں نے بھی اپنے جلوے بکھیرے۔

اطلاعات کے مطابق فیسٹیول میں پہلی بار پاکستان کا قومی پرچم بلند کیا گیا جس میں پاکستان کی نمائندگی سینئر فنکارہ عتیقہ اوڈھو، تخلیقی ماہر توثیق حیدر اور معروف فلم ساز شہزاد نواز کر رہے ہیں جو فیسٹیول کے دوران ایک اہم پینل گفتگو میں بھی حصہ لیں گے۔

یہ تاریخی لمحہ پاکستان کے سینمائی سفر کے لیے ایک نئے اعتماد اور شناخت کا دروازہ کھولتا ہے اور عالمی فلمی منظرنامے میں ملک کی موجودگی کو مزید مضبوط کرتا ہے، 4 سے 13 دسمبر 2025 تک جاری رہنے والا یہ فیسٹیول روون اتھالے کی فلم "جائنٹ" کے عالمی پریمیئر سے شروع ہوا جو برطانوی یمنی باکسنگ لیجنڈ پرنس نسیم حمید کی جدوجہد اور کامیابیوں پر مبنی سوانحی ڈرامہ ہے۔

فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 111 فلموں کے پریمیئر شامل ہیں جن میں 45 سے زائد ممالک کی 38 عالمی فلمیں بھی پیش کی جا رہی ہیں، اس سال مرکزی مقابلے کی جیوری کی سربراہی آسکر یافتہ فلم ساز شین بیکر کر رہے ہیں جبکہ جیوری میں مختلف خطوں کے ممتاز تخلیق کار شامل ہیں۔

صرف پانچ برس میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول مشرقِ وسطیٰ کے اہم ترین اور بااثر فلمی میلوں میں شامل ہو چکا ہے اور خطے کی تخلیقی معیشت کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستانی وفد 9 دسمبر کو ایک کلیدی پینل ڈسکشن میں بھی شرکت کرے گا، پہلی بار فیسٹیول میں پاکستانی پرچم کی سربلندی اور وفد کی نمائندگی قومی ثقافتی سفارتکاری میں ایک اہم سنگ میل ہے جو عالمی سطح پر پاکستانی ٹیلنٹ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

عتیقہ اوڈھو، توثیق حیدر اور شہزاد نواز اپنی گفتگو اور موجودگی کے ذریعے دنیا کو یہ واضح پیغام دیں گے کہ پاکستان کہانی سنانے، تخلیقی اظہار اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور فعال ہے۔

اس موقع پر وفد نے ہیُو ورکس کی نوشین احمد وسیم کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستانی وفد کی فیسٹیول میں شمولیت ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا یہ تعاون پاکستان کی تخلیقی صنعت کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔