رونالڈو جلد ’ فاسٹ اینڈ فیوریس‘ سیریز جوائن کرنے والے ہیں: ون ڈیزل کا دعویٰ

Published On 15 December,2025 06:21 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سے متعلق ہالی ووڈ اداکار ون ڈیزل نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بہت جلد مشہور سیریز ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ جوائن کرنے والے ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ون ڈیزل نے ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے ہمراہ پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

پوسٹ کے کپشن میں ہالی ووڈ اداکار نے لکھا ’سب نے مجھ سے یہی پوچھا کیا رونالڈو مشہور سیریز ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ کا حصہ بننے جارہے ہیں‘؟

ون ڈیزل نے دعویٰ کیا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہاں وہ واقعی خاص ہے اور ہم نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈو کے لیے ایک کردار لکھا ہے، تاہم انہوں نے اس کردار کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب، خود کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اس حوالے سے اب تک کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی، البتہ فٹبال کی دنیا کے شائقین رونالڈو کو ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ میں ضرور دیکھنا چاہیں گے۔

ون ڈیزل نے کیپشن میں لکھا کہ ’سب پوچھ رہے تھے کہ کیا وہ فاسٹ اینڈ فیوریس کی دنیا کا حصہ ہوں گے؟ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ وہ واقعی خاص ہیں۔ ہم نے ان کے لیے ایک کردار لکھا ہے۔‘

واضح رہے کہ 2021 سے شروع ہونے والی مشہور ہالی ووڈ سیریز ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ کے اب تک 10 سیزن ریلیز ہوچکے ہیں، آخری فلم 2023 میں ’فاسٹ ایکس‘ کے نام سے ریلیز ہوئی تھی جب کہ اس کا دوسرا حصہ ’فاسٹ ایکس: پارٹ ٹو‘ 2027 میں ریلیز ہوگا۔