نیویارک: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا اعلان کردیا گیا جس کیلئے 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا میگا ایونٹ اگلے برس تین ممالک میں کھیلا جائے گا، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی میزبانی کریں گے۔
میگا ایونٹ کے گروپ اے میں میزبان میکسیکو، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا اور پلے ڈی سے کوالیفائر ٹیم شامل کی جائے گی، گروپ بی میں میزبان کینیڈا، قطر، سوئٹزرلینڈ اور یو ایفا پلے آف اے کی ٹیم شامل ہے، گروپ بی کی چوتھی ٹیم ویلز یا نادرن آئرلینڈ میں سے ایک ہوگی۔
گروپ سی میں برازیل، مراکش، سکاٹ لینڈ اور ہیٹی شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں میزبان امریکا، آسٹریلیا، پیراگوئے اور یو ایفا پلے آف سی کی کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی، گروپ ای میں جرمنی، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ اور کوراکاو شامل ہیں جبکہ گروپ ایف میں نیدر لینڈز، جاپان، تیونس اور یو یفا کوالیفائر بی سے ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
گروپ جی میں بیلجیم ، ایران، مصر اور نیوزی لینڈ شامل ہیں، گروپ ایچ میں سپین، سعودی عرب، یوروگوئے اور کیپ وردے کی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے، گروپ آئی میں فرانس سنیگال، ناروے اور فیفا پلے آف 2 کی کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ جے میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا، آسٹریا، الجیریا اور اردن شامل ہیں۔
گروپ کے سے پرتگال، ازبکستان، کولمبیا اور فیفا کوالیفائر ون سے ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ ایل سے انگلینڈ، کروشیا، پانامہ اور گھانا کو شامل کیا گیا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ ڈراز کی تقریب امریکا میں منعقد کی گئی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا امن ایوارڈ سے بھی نوازا، واشنگٹن میں فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل ڈرا کی تقریب منعقد ہوئی جس میں فیفا کے صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا امن انعام پیش کیا۔



