سوشل میڈیا پر وفاقی وزراء کی تبدیلی والی لسٹ جعلی قرار

Last Updated On 02 October,2019 09:18 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سمیت دیگر جگہوں پر وفاقی کابینہ میں ردو بدل سے متعلق گردش فہرست جعلی ہے۔

 

واضح رہے کہ چند روز قبل ایک اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چند وزراء کو تبدیل کرنے لگا ہوں تو دوسری طرف سوشل میڈیا پر ایک فہرست وائرل ہو گئی تھی جس میں لکھا تھا کہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا قلمدان وفاقی وزیر شفقت محمود کو دیا جا رہا ہے۔

فہرست میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کو بھی عہدے سے تبدیل کیا جا رہا ہے، وائرل ہونیوالی فہرست میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زبیدہ جلال کی وزارت بھی بدل دی جائے گی اور مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو تبدیل کر کے وزیراعظم کا ترجمان بنا دیا جائے گا، اس پر وضاحت دینے کے لیے معاون خصوصی برائے وزیراعظم نعیم الحق سامنے آ گئے۔

سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میں تصدیق کرسکتا ہوں کہ حالیہ عرصے کے دوران سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی کابینہ میں تبدیلیوں کی فہرست مکمل طور پر جعلی ہے اور اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

 

ٹویٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید لکھا کہ ہمارے مخالفین پارٹی میں تفریق پیدا کرنے کے لیے جعلی پیغامات پھیلا رہے ہیں لیکن ایسا ہونے والا نہیں ہے۔

یاد رہے کہ منگل والے دن ایک لسٹ سوشل میڈیا سمیت دیگر جگہوں پر وائرل ہو گئی تھی، اس لسٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزراء کی بڑی تعداد کو ان کے عہدوں سے الگ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement