طیارہ حادثہ، دانش تیمور اور عائزہ خان سے متعلق جعلی خبریں پھیلائی جانے لگیں

Last Updated On 22 May,2020 10:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور سے کراچی آنے والے پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) کے طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر فوری طور پر غلط خبریں اور افواہیں پھیل گئیں۔

ان جھوٹی خبروں اور افواہوں سے جہاں عام لوگ پریشانی کا شکار ہوئے، وہیں کچھ معروف شخصیات سے متعلق بھی غلط خبریں پھیلائی گئیں۔ حادثے کے شکار ہونے والے طیارے میں عملے کے 8 ارکان اور 91 مسافر سوار تھے اور طیارہ عین اس وقت حادثے کا شکار بنا جب وہ لینڈنگ کے لیے تیار تھا۔

حادثے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر بدقسمت طیارے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں جن میں طیارے کو آگ کے شعلوں میں جلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

بدقسمت طیارے کے مسافروں کی فہرست بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جب کہ متعدد نامور شخصیات کے بھی طیارے میں سوار ہونے کی افواہیں گردش کرنے لگیں اور ایسی خبریں پاکستان کے معروف جوڑے دانش تیمور اور عائزہ خان سے متعلق بھی پھیلائی گئیں۔

خود سے متعلق افواہیں پھیلنے کے بعد دانش تیمور اور عائزہ خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے وضاحت کی کہ ان سے متعلق تمام خبریں جھوٹی ہیں اور وہ طیارے کے مسافروں میں شامل نہیں۔

دانش تیمور نے انسٹاگرام پر فیک نیوز کی گرافکس کے ساتھ مداحوں کو بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ خیریت سے ہیں اور وہ گھر پر ہی ہیں۔

انہوں نے خود سے متعلق چلنے والی افواہوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دکھ کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب عائزہ خان نے بھی انسٹاگرام پر اپنے متعلق جھوٹی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اس کی تردید کی۔

عائزہ خان نے سادہ الفاظ میں خود سے متعلق ہونے والی معلومات کو جھوٹا قرار دیا۔
 

Advertisement