پی آئی اے طیارہ حادثہ، نریندرا مودی، اشرف غنی سمیت عالمی رہنماؤں کا اظہار افسوس

Last Updated On 22 May,2020 11:52 pm

کابل: (ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا لاہور سے کراچی آنے والا مسافر طیارہ اے 320 ایئربس جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ تباہ ہونے کے بعد عالمی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہیں، غم کے اس موقع پر افغان قوم پاکستان کے ساتھ ہے۔

 ایرانی میڈیا کے مطابق  ایران کے صدر مملکت حسن روحانی نے کراچی میں گرنے والے طیارے حادثے، جس کے نتیجے میں دسیوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، پر وزیراعظم عمران خان کے نام میں ایک پیغام میں پاکستانی حکومت اور عوام بالخصوص حادثے کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کردیا۔

اس سے پہلے ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بھی ایک پیغام میں طیارے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانوں سے گہرے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔

اسلام آباد میں امریکی چارج ڈی افیئرز کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ کی جانب سے میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طیارہ حادثے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا، لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ آج صبح پاکستان سے ملنے والی خبر چونکا دینے والی ہے، پی کے 8303 میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے ہمدردی ہے، اس خوفناک حادثے کے تمام متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں، کینیڈین عوام آج آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔

دوسری طرف اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بھی طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کو پیش آنے والے حادثے کا سن کر دلی صدمہ پہنچا۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کے دکھ میں شریک ہیں، مرحومین کے لیے رحمت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا مانگتے ہیں۔

مزید برآں کینیڈا، سوئٹزرلینڈ، ہالینڈ اور سری لنکا کے وزرائے خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

چاروں وزرائے خارجہ نے المناک طیارہ حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور وزرائے خارجہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جبکہ وزیر خارجہ نے دکھ کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عالمی رہنمائوں کا طیارہ کریش سانحہ پر قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرنے پر شکریہ ادا کرتاہوں، پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں عالمی رہنمائوں کی جانب سے حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

Advertisement