پی آئی اے طیارہ حادثے پر ملکی سیاسی قیادت غمزدہ

Last Updated On 22 May,2020 11:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا لاہور سے کراچی آنے والا مسافر طیارہ اے 320 ایئربس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، ملکی سیاسی قیادت نے حادثے پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جہاز کے حادثے پر افسوس ہوا، میری دلی ہمدردی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ قیمتی جانوں کا نقصان مجھ سمیت پوری قوم کے لیے باعث صدمہ ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو جانوں کو بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے، اور یہ بھی ہدایت کی ہے کہ حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لئے اعلیٰ سطح تحقیقات کی جائیں ۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت جاں بحق افراد لواحقین کی ہر ممکن اخلاقی امداد کرے۔ پارٹی عہدیداران اور وزرا متاثرہ خاندانوں سے رابطہ اورہر ممکن مدد کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ہونے والے پی آئی اے مسافر طیارے کے حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ جبکہ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ریلیف، ریسکیو اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کی اور وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔

دریں اثناء سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ پی آئی اے طیارے حادثہ کا سن کر افسوس ہوا، میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک کیساتھ رابطے میں ہوں، وہ کراچی روانہ ہو چکے ہیں جہاں پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ اس سانحے کی فوری تحقیقات کروائی جائیں گی، میری دعائیں اورتمام ترہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں۔

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹرشبلی فراز نے بھی سماجی ٹویٹ میں لکھا کہ پی آئی اے طیارہ حادثے پر گہرا دکھ اور افسوس ہے، یہ انتہائی غم زدہ کر دینے والا حادثہ ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اس وقت بنیادی توجہ امدادی کاروائیوں پر مرکوز ہے۔

اُدھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے حادثے پر ہم سب رنج اور غم کا شکار ہیں۔ جاں بحق مسافروں کو اللہ غریق رحمت کرے اور جنت الفردوس میں جگہ دے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ بھی لکھا۔

ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ لواحقین کے لئے اللہ سے دعا ہے کہ ان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اللہ ہم پر رحم کرے، ان کے غم میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی پی آئی اے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں جان بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، افسوسناک حادثے پر قوم رنجیدہ ہے۔ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کے درجات بلند کرے۔ کالونی مکینوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے بھی خصوصی دعا گو ہوں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثہ پر پورا ملک غمزدہ ہے، قوم غم کی حالت میں ہے، واقعہ قوم کیلئے انتہائی دکھ اور بڑی آزمائش ہے، طیارہ آبادی پر گرنے سے بہت نقصان ہوا ، اللہ مزید نقصان سے بچائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکنان وعوام زخمیوں کی فوری امداد کیلئے خون کے عطیات جمع کرائیں، طیارے کا حادثہ اور آبادی پر گرنا دو بڑے سانحات ہیں، سیاسی جماعتیں حکومت سے بھرپور تعاون کریں، رضاکار خدمت کیلئے تیار رہیں۔ اللہ تعالی طیارہ حادثے کے شہداء کے درجات بلند فرمائے، اللہ رب العزت تمام زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثہ کی خبر پر انتہائی افسوس ہوا، حادثہ میں جان بحق مسافروں اور عملہ کیلئے دعا گو ہیں۔ کیپٹن سجاد گل انتہائی ملنسار شخص تھا۔ کیپٹن سے دوران سفر کئی بار جہاز میں ملاقات ہوئی۔ کیپٹن کا آخری میسج چند روز قبل آیا وہ دل کا بہت اچھا انسان تھا۔

میاں محمد نواز شریف کا پیغام ان کی بیٹی مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کیا۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرا دل آج کے سانحے پر بہت غمگین ہے۔ جمعتہ الوداع کے دن اس حادثے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہوں۔ اپنوں کو کھو دینے والوں کا دکھ بہت بڑا ہے، اللہ تعالیٰ ان کو اس مشکل گھڑی میں صبر عطا کرے، میں ان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن کو اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے بچا لیا ہے ان کو اللہ تعالی جلد صحت یاب فرمائے. پی آئی اے کے عملے کے افراد جو جہاز میں موجود تھے ان کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو آخری دم تک اپنا فرض ادا کرتے رہے۔ اللہ تعالی آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ طیارہ حادثے میں جانوں کے نقصان پر دل بہت افسردہ ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ جاں بحق ہونے والوں کے متاثرین کو صبر عطا فرمائے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت اور تندرستی عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی کراچی میں پی آئی اے کا طیارہ گرنے کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ و رنج کااظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہواہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، پنجاب حکومت دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، جن کے پیارے حادثے میں بچھڑ گئے ان کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا۔
 

Advertisement