دبئی: (ویب ڈیسک) ابو ظہبی کی فیڈرل اپیل کورٹ نے کورونا کے حوالے سے فیک نیوز نشر کرنے اور معاشرے میں خوف پھیلانے کے الزام میں رپورٹر اور غیر ملکی کے خلاف 2 برس قید کی سزا کے فیصلے کے توثیق کر دی ہے۔
امارات ٹوڈے کے مطابق مقامی ٹی وی کے رپورٹر نے کورونا سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی ہلاکت کی خبر نشر کی تھی جس کی معاونت ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی نے کی تھی۔
غلط خبر کی وجہ سے معاشرے میں کافی خوف ہراس پھیل گیا تھا۔ خبرنشر ہونے کے بعد اس کی تردید وزارت صحت کی جانب سے بھی کی گئی تھی تاہم اس حوالے سے رپورٹر اور غیر ملکی کے خلاف مقدمہ بھی قائم کیا گیا۔
ابتدائی عدالت نے غلط خبر پر دونوں کو 2 برس قید کی سزا کے ساتھ غیر ملکی کے لیے ملک بدری کے احکامات بھی صادر کیے تھے۔
ابتدائی عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی جس پر فیڈرل اپیل کورٹ نے حالات و شواہد کا جائزہ لیتے ہوئے سابقہ عدالت کے فیصلے کو برقراررکھتے ہوئے سزا کی توثیق کردی۔