ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.5 فیصد ہو گئی، این سی او سی

Published On 09 November,2020 11:59 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ہر گزرتے دن کے ساتھ شدید ہوتی جا رہی ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.5 فیصد تک بڑھ گئی،15 بڑے شہر وبا کے نشانے پر ہیں۔

این سی او سی میں اجلاس کے دوران کورونا کیسز میں اضافے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے کورونا ایس اوپیز پرعملدر آمد سے متعلق آگاہ کیا۔ این سی او سی کے مطابق گلگت میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 15.38۔ ملتان میں 15.97، مظفرآباد میں 14.12، میرپور میں 11.11، پشاور میں 9.69، کوئٹہ میں 8.03، اسلام آباد میں 7.48، کراچی میں 7.12، لاہور میں 5.37 فیصد اور راولپنڈی میں 4.63 فیصد ہے۔

ملک بھر میں 4136 مقامات پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون کیا گیا ہے۔ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ٹی ٹی کیو حکمت عملی پرعملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ این سی اوسی کا کہنا ہے کہ 16 بڑے شہروں میں لگائی گئی حالیہ پابندیاں 31 جنوری 2021 تک نافذ رہیں گی۔ ملک بھر کے ہسپتالوں کو 2811 آکسیجن بیڈز اور 13 ہزار آکسیجن سلنڈرز دیئے جا چکے ہیں۔ این سی اوسی نے احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد پر صوبوں کی کارکردگی کو سراہا۔
 

Advertisement