لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک تصویر ہزاروں مرتبہ شیئر کی جا رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں گندگی کے باعث ٹریفک جام ہے۔ یہ تصویر خیبرپختونخوا کی ہے۔ یہاں بتاتے چلیں کہ یہ تصویر جعلی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر 17 مارچ 2021ء کو ایک پوسٹ شیئر کی گئی، اس پوسٹ کو اب تک 11 ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گلی میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، اور ٹریفک جام ہے۔
سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر شیئر کی گئی تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ خیبرپختونخوا کا منظر، اگر آپ نیا پاکستان چاہتے ہیں تو اس کے لیے ووٹ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دیں، جو لوگ شیر سے محبت کرتے ہیں وہ اس تصویر کو شیئر کریں۔
اے ایف پی کے مطابق پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، یہاں پر پی ٹی آئی 2013ء سے برسر اقتدار میں ہے۔ فیس بک پوسٹ پر شیر سے مراد پاکستان مسلم لیگ ن کو لیا گیا ہے جس کی جماعت کا نشانہ شیر ہے۔ اسی طرح کی یہ تصویر فیس بک پر دیگر لوگوں نے بھی شیئر کی۔ یہاں بتاتے چلیں کہ یہ تصویر جعلی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کی تو پتہ چلا یہ تصویر خیبرپختونخوا کی نہیں بلکہ بھارت کی ہے کیونکہ اس تصویر میں نیلے رنگ کی وین نظر آ رہی ہے جس کے اوپر اتر پردیش پولیس لکھا ہوا ہے۔ یہاں بتاتے چلیں کہ اتر پردیش بھارت کی بڑی ریاستوں میں سے ایک ہے۔