لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک تصویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے ایک ہسپتال میں کتے بیڈز پر بیھٹے ہوئے ہیں، یہ تصویر جعلی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر 8 فروری 2020ء کو ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہسپتال کے بیڈز پر کتوں کی بڑی تعداد بیٹھی ہوئی ہے۔
اس پوسٹر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ صوبہ سندھ کے شہر جامشورو کا ہسپتال ، جیے بھٹو۔
اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوٹس بورڈ پر جامشور ہسپتال لکھا ہوا ہے، جبکہ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے بیٹے چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی تصویریں بھی لگی ہوئی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق اس تصویر کو فیس بک پر متعدد بار شیئر کیا گیا ہے، یہاں بتاتے چلیں کہ یہ دعویٰ جھوٹا ہے کیونکہ جس تصویر کو شیئر کیا جا رہا ہے یہ سندھ کی نہیں بلکہ بھارتی ریاست بہار کے شہر مظفر پور کے سردار ہسپتال کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق تحقیق کے دوران پتہ چلا کہ یہ تصویر 5 دسمبر 2017ء کی ہے، اور اسے بھارت کے مقامی میڈیا میں بھی شائع کیا گیا تھا۔ اس کا سکرین شارٹ نیچے دکھایا بھی گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق نیچے دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک طرف تصویر کو فوٹو شاپ کیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف اصل تصویر نظر آ رہی ہے۔