لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین بارے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، ان افواہوں پر تدارک کے لیے حکومت کوششوں میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، بھارتی ویر ینٹ نے بھی ملک میں پنجہ گاڑھ لیے ہیں، وزیراعظم عمران خان سمیت وفاقی حکومت متعدد بار اعلان کر چکی ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور لازمی طور پر ویکسین لگوائیں۔
ملک بھر میں ویکسین سے متعلق متعدد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، ان افواہوں پر قابو پانے کیلئے حکومت پاکستان وقتاً فوقتاً میڈیا کے ذریعے عوام میں آگاہی مہم چلا رہی ہے اور عوام کو مطلع کیا جا رہا ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔
اسی حوالے سے وفاقی وزارت صحت بھی آگاہی مہم چلا رہی ہے۔ وزارت کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے۔
ویکسیں لگوانے سے آپ کے جسم میں کورونا وائرس سے لڑنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ لہذا افواؤں پر توجہ مت دیں اور جلد از جلد خود کو رجسٹر کروا کر اپنا تحفظ یقینی بنائیں۔ کیونکہ بیماری کا علاج دل سے نہیں دوا سے ہو گا۔ pic.twitter.com/lJSTizXIHS
— Ministry of National Health Services, Pakistan (@nhsrcofficial) July 9, 2021
جاری کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ویکسیں لگوانے سے آپ کے جسم میں کورونا وائرس سے لڑنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے لہذا افواؤں پر توجہ مت دیں اور جلد از جلد خود کو رجسٹر کروا کر اپنا تحفظ یقینی بنائیں کیونکہ بیماری کا علاج دل سے نہیں دوا سے ہو گا۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 520 ہو گئی ہے، مثبت کیسز کی شرح 3.56 فیصد رہی۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 35 ہزار573 ہے، مجموعی کیسز کی تعداد 9لاکھ 69ہزار 476 تک پہنچ گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 737 نئے مریض سامنے آئے جبکہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9لاکھ 11 ہزار 383 ہو گئی ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق پنجاب میں 3لاکھ 47ہزار553، سندھ میں 3لاکھ 44ہزار223، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 39ہزار 8، اسلام آباد میں 83ہزار 400 اور بلوچستان میں 27ہزار 781 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 20ہزار 811اور گلگت بلتستان میں 6ہزار 700افراد کورونا سے متاثر ہیں۔