لاہور: (ویب ڈیسک) وٹس ایپ کی طرف سے اپنے صارفین کو انتباہی انداز میں بتایا گیا ہے کہ فیک نیوز پھیلانے پر کسی بھی وقت اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
دنیا بھر میں واٹس ایپ کا استعمال اربوں لوگ کرتے ہیں، سمارٹ فونز میں استعمال ہونے والی یہ ایپ دنیا بھر میں لوگوں کو ہزاروں کلو میٹر دورہونے کے باوجود قریب کر دیتی ہیں، ویڈیو اور آڈیو کال کے باعث شہری آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔
جہاں اس کے بے شمار فوائد ہیں، وہی اس کے نقصانات بھی سامنے آتے ہیں، مثال کے طور پر ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں فیک نیوز ایک عفریت بن چکی ہے، فیس بک، یوٹیوب، انسٹا گرام، ٹویٹر ایسے ذرائع ہیں جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں خبریں شیئر کی جاتی ہیں، ایک امریکی ادارے کے مطابق روزانہ کروڑوں فیک نیوز ان پلیٹ فارم سے شیئر کی جاتی ہیں اور فوری طور پر صارفین ان پر یقین کر لیتے ہیں۔
دنیا بھر میں پھیلنے والی فیک نیوز کو کنٹرول کرنے کے لیے جہاں فیس بک، ٹویٹر سمیت دیگر ایپس متحرک ہیں وہیں پر وٹس ایپ نے اپنے صارفین کو انتباہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگر آپ بھی واٹس ایپ پر جعلی خبریں پھیلاتے ہیں تو آپ کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔ یہ میٹا کمپنی کے اپنے پلیٹ فارم پر جعلی خبروں کے پھیلاؤ سے لڑنے اور اسے روکنے کے طریقے کے طور پر آتا ہے۔