یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے متعلق خبریں جعلی نکلیں

Published On 15 August,2022 10:09 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے متعلق خبریں جعلی نکلیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جعلی خبروں کے سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ پاکستان کی ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق منعقد ہونے والی قومی تقریب کو غیر اخلاقی چیزوں سے منسوب کرنا ہماری آزادی کے تقدس اور روح کی کھلی خلاف ورزی اور قومی مقصد کی بہت بڑی توہین ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے بلکہ یہ قوم کی توہین بھی ہے، غیر ذمہ دارانہ رویے کو مسترد کرنا سب کی ذمہ داری ہے اور جعلی خبروں کو مسترد کریں۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے لکھا گیا کہ جشن آزادی اور آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر حکومت پاکستان کی تمام تقریبات عوامی جذبات اور قومی اقدار سے ہم آہنگ تھیں، اس خوشی کے موقع پر جھوٹی خبروں اور فوٹو شاپ کا سہارا لے کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنا ایک گھناؤنی اور شرمناک حرکت ہے۔

ایک اور ویڈیو میں وزارت اطلاعات و نشریات نے لکھا کہ زیر نظر ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تمام تقریبات انتہائی پروقار تھیں، اس خوشی کے موقع پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قوم سے معافی مانگنا چاہئے۔

 

 

Advertisement