ایران نے جوہری معاملے پر واشنگٹن کیساتھ معاہدے کی تردید کردی

Published On 12 June,2023 07:37 pm

تہران: (ویب ڈیسک) شوریٰ کونسل میں قومی سلامتی کمیٹی کے نائب سربراہ عباس مقتدائی نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان معاہدے خبروں کی تردید کی ہے۔

ایران کی خبررساں ایجنسی کے مطابق شوریٰ کونسل کے عہدیدار عباس مقتدائی کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی فریق کو مطلع کیا ہے کہ جوہری مذاکرات اسی صورت میں کسی نتیجے پر پہنچیں گے جب تہران کے مطالبات مانے جائیں گے۔

مقتدی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے تک پہنچنے کے بارے میں کچھ بے بنیاد قیاس آرائیاں اور افواہیں ہیں، تاہم اس حوالے سے حقائق وقت پر سامنے آئیں گے، تہران امریکی دباؤ کی بنا پر پیچھے نہیں ہٹے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ان کے ملک نے کبھی بھی مذاکرات کی میز نہیں چھوڑی اور ہمیشہ اپنی سنجیدہ تیاری کا مظاہرہ کیا ہے، اگر نیک نیتی کا مظاہرہ کیا جائے تو ایران امریکہ کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ کر سکتا ہے۔